وینزویلا کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس، امریکی اقدام عالمی بحث کا مرکز

0
119
وینزویلا کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس، امریکی اقدام عالمی بحث کا مرکز

وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس آج منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں رکن ممالک کی جانب سے معاملے پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی کارروائی کے بعد وینزویلا کی تیل کی برآمدات شدید متاثر ہوئی ہیں اور ملک کی توانائی سپلائی تقریباً معطل ہو کر رہ گئی ہے، جس سے عالمی منڈی میں بھی تشویش پائی جا رہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل یہ بیان دے چکے ہیں کہ اقتدار کی منتقلی کے عمل تک امریکا وینزویلا کے انتظامی معاملات میں براہِ راست کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے تیل کے ذخائر کو امریکی نگرانی میں دیا جائے گا اور امریکی توانائی کمپنیاں وہاں کام کریں گی۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف امریکا میں 2020 کے دوران قانونی کارروائی شروع کی جا چکی تھی۔ ان کے مطابق مادورو کو ایک متبادل راستے کی پیشکش بھی کی گئی تھی، تاہم صدر ٹرمپ اپنے مؤقف پر عملدرآمد کے لیے سنجیدہ ہیں۔
امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے بتایا ہے کہ اس فوجی کارروائی میں 150 سے زائد بمبار اور لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا، جسے ایک بڑا عسکری آپریشن قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a reply