دھند کا راج، لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول درہم برہم

لاہور میں شدید دھند کے باعث فضائی اور زمینی نظامِ زندگی متاثر ہو رہا ہے۔ مختلف علاقوں میں دھند کی شدت برقرار ہے جس کی وجہ سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے۔
دھند کے سبب لاہور ایئرپورٹ پر گزشتہ کئی گھنٹوں سے فلائٹ آپریشن معطل ہے۔ خراب موسم کے باعث چند پروازوں کو متبادل کے طور پر اسلام آباد منتقل کر دیا گیا، جبکہ لاہور سے اندرون و بیرونِ ملک جانے والی متعدد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
فضائی آمدورفت کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر بھی صورتحال متاثر ہے۔ موٹر وے ایم ٹو کو بلکسر سے کوٹ مومن تک لاہور کی سمت بند کر دیا گیا ہے، جبکہ موٹر وے ایم تھری فیض پور سے سمندری تک ٹریفک کے لیے دستیاب نہیں۔ اسی طرح سیالکوٹ موٹر وے ایم گیارہ بھی دھند کے باعث بند ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے جس کے باعث حدِ نگاہ کم اور ٹریفک کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنیکی ہدایت کیجا رہی ہے۔








