بیرونِ ملک پذیرائی، پاکستان میں ناانصافی؟ فیصل قریشی کی کھری بات

0
148
بیرونِ ملک پذیرائی، پاکستان میں ناانصافی؟ فیصل قریشی کی کھری بات

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار فیصل قریشی نے حالیہ گفتگو میں ڈراموں کے موجودہ حالات پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے دنیا بھر میں مقبول ہو رہے ہیں اور مختلف ممالک کے ناظرین انہیں پسند کرتے ہیں، مگر بدقسمتی سے ملک کے اندر انہیں وہ رویہ نہیں مل رہا جس کے وہ مستحق ہیں۔
فیصل قریشی کے مطابق پاکستانی چینلز نے مختلف موضوعات پر معیاری ڈرامے پیش کیے ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف پاکستانی ناظرین بلکہ بیرونِ ملک شائقین بھی ان پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ملاقات ایک نیپالی شخص سے ہوئی جس نے پاکستانی ڈراموں کی کھل کر تعریف کی۔ اسی طرح بنگلادیش، بھارت اور ترکیہ سمیت دیگر ممالک میں بھی پاکستانی ڈرامے شوق سے دیکھے جا رہے ہیں۔
سینئر اداکار نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کے باوجود پاکستان میں ڈراموں کے ساتھ منصفانہ رویہ اختیار نہیں کیا جا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ تنقید ضرور ہونی چاہیے کیونکہ اس سے کام میں بہتری آتی ہے، لیکن غیر ضروری اور حد سے زیادہ تنقید ڈراموں کے معیار اور تاثر کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
انہوں نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بالخصوص انڈسٹری سے وابستہ چند سینئر فنکاروں کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ مثبت تنقید ہی کسی بھی فن کو آگے بڑھاتی ہے۔

Leave a reply