
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے مختلف ہم خیال سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک اور فوج سب کے مشترکہ اثاثے ہیں اور پہلے بھی ہم نے ایک ساتھ کام کیا ہے اور مستقبل میں بھی تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا ملکی حالات کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق کی طرف سے صوبے کو اس کے حقوق کے مطابق وسائل فراہم نہیں کیے جا رہے اور آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے واجب الادا رقم صوبے کو ملنی چاہیے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی صورت حال تشویشناک ہے اور اپوزیشن رہنماؤں کو پنجاب میں قیام میں مشکلات کا سامنا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئین کی مکمل پاسداری کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، معاشی استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اور ہمیں آئین کی بحالی کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔









