
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت باضابطہ طور پر شروع کر دی گئی ہے۔ ایونٹ کے پہلے مرحلے میں 20 لاکھ سے زائد ٹکٹ شائقین کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔ میگا ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہوگا۔
سری لنکا میں شیڈول میچز کے لیے فیز ون کی کم سے کم ٹکٹ قیمت ایک ہزار سری لنکن روپے مقرر کی گئی ہے۔ پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گی۔
افتتاحی میچ 7 فروری کو کولمبو میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان ہوگا، جب کہ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 15 فروری کو اسی مقام پر شیڈول ہے۔
اسی دوران آئی سی سی نے ایونٹ کے ٹکٹوں کی تشہیری مہم کے لیے ایک پوسٹر جاری کیا ہے، جس میں بھارت، سری لنکا، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کپتانوں کی تصاویر تو شامل ہیں، تاہم پاکستانی کپتان کی تصویر موجود نہیں۔
پوسٹر میں پاکستان کی نمائندگی نہ ہونے پر پاکستانی شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے پاکستان ٹیم کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔
یہ صورتِ حال سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بن گئی ہے، جہاں صارفین آئی سی سی سے وضاحت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔









