“بیٹی کی شادی پر کروڑوں کے جہیز کے بینر، سوشل میڈیا پر ہنگامہ”

پاکستان میں شادیوں کا سیزن عروج پر ہے، لیکن بڑھتے ہوئے جہیز کے رجحان نے کئی والدین کو فکری دباؤ میں ڈال رکھا ہے۔ کچھ خاندان اپنی بیٹی کی شادی کے لیے مطلوبہ جہیز نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ کچھ شادیوں کی تاخیر بھی اس وجہ سے ہو رہی ہے۔
اس دوران، حاجی نوید محمد قریشی نے اپنی بیٹی کی شادی میں کروڑوں روپے مالیت کے تحائف دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ شادی کے موقع پر حاجی نوید نے اپنی بیٹی اور داماد کو ہونڈا سٹی، دس مرلہ پلاٹ اور حج کا پیکج بطور تحفہ دیا۔ اس کے علاوہ داماد کے والد کو ہونڈا ون ٹو فائیو پیش کیا گیا۔
ویڈیو میں فرنیچر، برتن، کپڑے، فریج، گیزر، اے سی اور دیگر الیکٹرانکس کے تحائف بھی دکھائے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے وائرل ویڈیو پر تنقید کی، اور کہا کہ اس طرح کے جہیز کے مظاہرے سماجی رویوں اور معاشرتی اقدار کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔
صارفین نے سوال اٹھایا کہ شادیوں میں اتنی نمائش اور جہیز کے بڑھتے ہوئے رجحان کو کس طرح کنٹرول کیا جائے، اور ایسے مظاہرے ان والدین اور لڑکیوں کے لیے احساس کمتری پیدا کر سکتے ہیں جو یہ سب تحائف نہیں دے سکتے۔
کئی صارفین نے کہا کہ پہلی بار انہوں نے شادی میں جہیز کے بینر دیکھے، اور انہیں کہا کہ ایسے مظاہرے کرنے والے والدین کو شرم آنی چاہیے۔








