اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان متعدد معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں طے پا گئیں

0
123
اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان متعدد معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں طے پا گئیں

اسلام آباد میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جن کا مقصد تعلیم، صحت، تجارت، منشیات کی روک تھام اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ دستخط کی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو موجود تھے۔

اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے، جس کے تحت دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، صحت، منشیات کی روک تھام اور تاریخی دستاویزات کے تحفظ کے لیے بھی باہمی تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور کہا کہ سات سال بعد کسی انڈونیشین صدر کا دورہ نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران تجارت میں توازن، طبی و تعلیمی شعبوں میں تعاون اور ماہرین کی تبادلے پر بات چیت ہوئی۔

انڈونیشین صدر پرابوو سوبیانتو نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جے ایف 17 طیاروں کی سلامی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، تجارت، زراعت اور ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور غزہ کے معاملے پر مشترکہ موقف اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر سبیانتو کے دورے کے دوران انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اور وزیر اعظم ہاؤس میں معزز مہمان کا استقبال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ نہ صرف انڈونیشین صدر کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

Leave a reply