
بنکاک: 19 نومبر 2025 کو 73 ویں مس یونیورس ایونٹ کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں مس جمیکا، گیبریل ہنری، پریلیمنری ایوننگ گاؤن مقابلے کے دوران اسٹیج سے گر گئیں۔ فوری طبی امداد کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی تشخیص کے مطابق چہرے پر زخم اور فریکچر کے ساتھ اندرونی خون بہنے کا خطرہ تھا۔
مس یونیورس کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ گیبریل ہنری اب خطرے سے باہر ہیں اور ان کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ تاہم، وہ نیورولوجیکل مانیٹرنگ میں ہیں اور 24 گھنٹے اسپیشلسٹ کی نگرانی میں ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق اگلے چند دنوں میں گیبریل ہنری جمییکا واپس روانہ ہوں گی، جہاں انہیں اسپتال منتقل کیا جائے گا اور ان کے ساتھ مکمل میڈیکل اسکورٹ ٹیم ہوگی۔ مس یونیورس آرگنائزیشن نے ان کے اسپتال کے تمام اخراجات کے علاوہ ان کے خاندان کے رہائشی اخراجات بھی فراہم کیے ہیں۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شو کے جاری رہنے پر تنقید بھی سامنے آئی، تاہم انتظامیہ نے گیبریل اور ان کے خاندان کے لیے مکمل تعاون جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔
گیبریل ہنری نہ صرف مس جمیکا ہیں، بلکہ وہ ایک ماہر امراض چشم بھی ہیں اور ’سی می فاؤنڈیشن‘ کی بانی ہیں، جو جمییکا میں بصارت سے محروم افراد کے حقوق کے لیے کام کرتی ہے۔









