پی ایس ایل کو عالمی نمبر ون لیگ بنانے کا ارادہ ہے، محسن نقوی

0
106
پی ایس ایل کو عالمی نمبر ون لیگ بنانے کا ارادہ ہے، محسن نقوی

ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو منعقد ہوا، جس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، پی ایس ایل انتظامیہ اور سابق کرکٹرز نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ مشترکہ طور پر ملکی کرکٹ کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہدف پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون ٹی ٹوئنٹی لیگ بنانا ہے، جبکہ قومی کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل فرنچائزز کے لیے نئی بولی کا عمل بالکل شفاف ہوگا۔ اسلام آباد میں نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی جاری ہے اور ہر اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے میوزیکل کنسرٹس بھی ہوں گے۔ محسن نقوی نے یہ بھی اعلان کیا کہ امریکا کے شہر نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو کیا جائے گا، اور جلد ہی پی ایس ایل کا اپنا او ٹی ٹی پلیٹ فارم متعارف کرایا جائے گا۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ لارڈز میں کامیاب تقریب کا انعقاد پی ایس ایل کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اثر کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کے مطابق دو فرنچائزز کے لیے بڈز کھلی ہیں اور پاکستان کرکٹ کی عالمی سطح پر تشہیر میں لیگ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل مقامی کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے اور اس کی کامیابی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
رمیز راجہ کے مطابق لیگ نے پاکستان میں کرکٹ کی مقبولیت بڑھانے کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی اسٹارز کے ساتھ کھیلنے کا موقع بھی دیا ہے۔

قومی ٹیم کے بیٹر بابر اعظم نے گفتگو میں کہا کہ سینئر کھلاڑی ہمیشہ رہنمائی فراہم کرتے ہیں اور وہ بھی اپنے تجربات نوجوان کرکٹرز تک پہنچاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی پیش رفت ہے۔

Leave a reply