ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پر آئی جی پنجاب کا سخت ردعمل

پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ سنگین حادثات اور اموات کا باعث بنتی ہے۔ ان کے مطابق مہذب معاشروں میں قانون پر عمل درآمد کی حمایت کی جاتی ہے، ہڑتالوں کے ذریعے دباؤ نہیں ڈالا جاتا۔
آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانا ’’لائسنس ٹو کل‘‘ کے برابر ہے، اور دنیا میں کہیں بھی ایسی اجازت نہیں دی جاتی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو تنبیہ کی کہ اگر گاڑیاں بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تو پولیس بھی ایسی گاڑیوں کو سڑک پر نہیں آنے دے گی اور قانون کے مطابق ضبط کر لے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال کا مطلب یہ نہیں کہ اسکول وین حادثات جاری رہیں اور بچوں کی جانوں کو خطرہ ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کی زندگیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔
دوسری جانب بھاری جرمانوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے صوبے بھر میں آج ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹریفک آرڈیننس 2025 فوری طور پر واپس لیا جائے۔ ان کے مطابق آرڈیننس کے تحت مقرر کردہ جرمانے غیر منصفانہ ہیں اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہیں۔








