الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین کے طور پر بیرسٹر گوہر کی حیثیت تسلیم کرنے سے انکار کر دیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان کو پاکستان تحریک انصاف کا باضابطہ چیئرمین نہیں مانا جا سکتا۔ کمیشن کے مطابق پارٹی کے اندرونی انتخابات سے متعلق کیس ابھی بھی زیرِ غور ہے جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے اس معاملے پر عبوری حکم امتناع جاری کر رکھا ہے، جس کے باعث کسی بھی شخص کو اس عہدے کا قانونی حق دار قرار دینا ممکن نہیں۔
کمیشن کے خط میں کہا گیا ہے کہ بیرسٹر گوہر کے پاس چیئرمین کی حیثیت سے نہ کوئی تنظیمی اختیار ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن انہیں بطور پارٹی سربراہ قبول کرتا ہے۔
سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ کمیشن کے اس مؤقف کے بعد پی ٹی آئی میں قیادت کے حوالے سے پیدا ہونے والی کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے اور قانونی معاملات مزید پیچیدہ ہونے کا امکان ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے بھی ایک روز قبل اس خط کی وصولی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر انہیں آگاہ کیا ہے کہ انہیں چیئرمین پی ٹی آئی نہیں مانا جا سکتا۔









