پنجاب میں ڈرائیونگ کی کم از کم عمر 16 سال، ای چالان مزید سخت کرنے کا فیصلہ

0
125
پنجاب میں ڈرائیونگ کی کم از کم عمر 16 سال، ای چالان مزید سخت کرنے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں ڈرائیونگ کی کم از کم عمر 16 سال مقرر کر دی گئی ہے جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنے کے لیے ای چالان سسٹم کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے نیا روڈ سیفٹی نظام نافذ کیا جا رہا ہے اور ٹریفک قوانین کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی۔ ان کے مطابق جب تک شہری خود ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کریں گے، حادثات میں خاطر خواہ کمی لانا ممکن نہیں۔

مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کا ریکارڈ اب رئیل ٹائم میں مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ نابالغ ڈرائیونگ کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر والدین کم عمر بچوں کو گاڑی چلانے کی اجازت دیں گے تو قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے جو صرف حکومتی مہم نہیں، بلکہ ایک سماجی جدوجہد بھی ہے۔ تعلیمی اداروں میں خصوصی اسپاٹ چیکس بڑھا دیے گئے ہیں جبکہ ڈرگ سپلائی نیٹ ورکس کی مکمل میپنگ کی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے خفیہ سپلائی پوائنٹس کی نشاندہی کی جارہی ہے اور کئی نیٹ ورک پہلے ہی بے نقاب ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 111 طویل رینج نیٹ ورکس کی گرفتاری حکومت کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہے، اور وزیراعلیٰ نوجوانوں کو نشے سے بچانے سے متعلق اقدامات پر روزانہ بریفنگ لیتی ہیں۔

Leave a reply