
گوگل کروم نے حال ہی میں ایک نیا اور نہایت مفید فیچر متعارف کرایا ہے جس کے بارے میں ابھی بھی کئی صارفین کو علم نہیں۔ اسپلٹ ویو نامی یہ فیچر خاص طور پر اُن افراد کے لیے بہترین ہے جو ایک وقت میں متعدد ویب سائٹس پر کام کرتے ہیں۔
اسپلٹ ویو کی آزمائش کافی عرصے سے جاری تھی مگر اب کمپنی نے اسے تقریباً تمام صارفین کے لیے فعال کر دیا ہے۔ اس سہولت کی بدولت آپ کسی بھی لنک کو نئے ٹیب میں کھولنے کے بجائے براہِ راست دو حصوں میں تقسیم اسکرین پر دیکھ سکتے ہیں، جس سے ٹیبز کی تعداد بڑھنے کی پریشانی بھی کم ہوگی۔
یہ فیچر کیسے استعمال کریں؟
کسی بھی لنک پر رائٹ کلک کریں۔
“اوپن نیو ٹیب” کے نیچے اسپلٹ ویو کا آپشن نظر آئے گا۔
اس پر کلک کرتے ہی دو ٹیبز آپ کے براؤزر میں سائیڈ بائی سائیڈ کھل جائیں گے۔
پہلے اس کام کے لیے تھرڈ پارٹی ایکسٹینشنز یا الگ ونڈوز کا سہارا لینا پڑتا تھا، مگر کروم کے نئے اسپلٹ ویو نے اس عمل کو نہایت آسان بنا دیا ہے۔ اب صرف چند کلکس کے ذریعے آپ:
دو ویب پیجز اکٹھے دیکھ سکتے ہیں
اُن کی پوزیشن دائیں یا بائیں تبدیل کرسکتے ہیں
یا کسی ایک پیج کو بڑا جبکہ دوسرے کو چھوٹا کرسکتے ہیں
اسپلٹ ویو کو بند کرنے کا طریقہ
اسپلٹ ویو ختم کرنے کے لیے ٹیب پر رائٹ کلک کرکے اسی مینو سے دائیں یا بائیں کسی بھی ویو کو آف کیا جاسکتا ہے۔
کس طرح مددگار ہے؟
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ فیچر اُس وقت بھی کارآمد ثابت ہوتا ہے جب ایک جانب ڈاکیومنٹ کھلا ہو اور دوسری طرف ویڈیو کال چل رہی ہو۔ اس طرح صارفین آسانی سے نوٹس لیتے ہوئے ایک ساتھ دونوں کام انجام دے سکتے ہیں۔









