
یوکرین نے معروف روسی بچوں کے کارٹون ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ سے منسلک پروڈیوسرز، اداروں اور تقسیم کاروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق یہ کارٹون روس کے حق میں مثبت تاثر پیدا کرنے اور روسی ثقافتی اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے، جسے وہ قومی سلامتی کے لیے تشویش کا باعث قرار دیتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اس حوالے سے ایک حکم نامے کی منظوری دی ہے، جس کے تحت کارٹون تیار کرنے والے اسٹوڈیو سمیت اس سے وابستہ متعدد افراد اور ادارے پابندیوں کی زد میں آئے ہیں۔
یوکرینی وزارتِ ثقافت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے ذریعے ملک میں کارٹون کی رسائی محدود کرنے کے علاوہ عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی تقسیم اور آمدنی کو روکنے کے لیے بھی قانونی راستے تلاش کیے جائیں گے۔
’ماشا اینڈ دی بیئر‘ دنیا کے مقبول ترین بچوں کے پروگرامز میں شمار ہوتا ہے۔ یہ سیریز تقریباً 100 ممالک میں نشر کی جاتی ہے اور اس کے یوٹیوب مواد کو اربوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ یوکرین میں بھی اس کا یوکرینی زبان کا چینل بچوں میں خاصی مقبولیت رکھتا ہے۔
روس نے یوکرین کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارٹون دنیا بھر میں اپنی مقبولیت کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور اس میں مثبت انسانی اقدار کو اجاگر کیا جاتا ہے۔
یوکرین اس سے پہلے بھی روسی ثقافتی مواد کے خلاف اقدامات کرتا رہا ہے۔ حالیہ پابندیوں کے بعد ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ کی ملک میں دستیابی اور عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی تقسیم مزید محدود ہونے کا امکان ہے۔









