وفاقی وزیر داخلہ کا اسلام آباد ائیرپورٹ کا اچانک دورہ، ویزا ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

0
96
وفاقی وزیر داخلہ کا اسلام آباد ائیرپورٹ کا اچانک دورہ، ویزا ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے اسلام آباد ائیرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور دو گھنٹے تک امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔

وزیر داخلہ نے ویزا ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا اور کہا کہ ایجنٹس معصوم افراد کے مستقبل کے ساتھ کھیل کر ملک کی بدنامی کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیرون ممالک ملازمت کا جھانسہ دے کر لوگوں کو بھجوانے والے ایجنٹس کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔

محسن نقوی نے 7 نومبر کو امیگریشن پر کم عملے کی شکایت پر بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تمام صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ اس طرح کی شکایات کو دوبارہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ضروری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو سفر سے نہیں روکا جائے گا، تاہم جعلی دستاویزات یا غیر قانونی ذرائع سے سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے کسی بھی مسافر کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave a reply