
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 27ویں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ میں پارلیمنٹ کے اراکین، سینئر سول و عسکری حکام اور تعلیمی و سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے ورکشاپ مکمل کرنے پر شرکا کو مبارکباد دیتے ہوئے قومی سلامتی کے حوالے سے ان کی دلچسپی اور محنت کو سراہا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ ملک میں قومی مکالمے کو فروغ دینے والے اہم پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے جو موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بناتی ہے۔ ورکشاپ قومی سلامتی سے متعلق حکمتِ عملی کو مؤثر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔
تقریب کے دوران صدر زرداری نے باخبر قیادت، قومی اتحاد اور مربوط پالیسی سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ آخر میں انہوں نے فارغ التحصیل شرکا میں اسناد بھی تقسیم کیں۔









