موٹاپے سے نمٹنے کے لیے شوگر ٹیکس عائدکرنےکا نیا فیصلہ

برطانوی حکومت نے موٹاپے میں اضافے کو روکنے کے لیے ملک شیک، پیکڈ ملک اور مختلف ڈرنکس پر شوگر ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت 100 ملی لیٹر مشروبات میں چینی کی حد 5 گرام سے کم کرکے 4.5 گرام مقرر کردی گئی ہے۔ اس حد سے زیادہ چینی رکھنے والی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد ہوگا۔
وزیرِ صحت ویس اسٹریٹنگ کے مطابق موٹاپا نہ صرف بچوں کی صحت کو متاثر کرتا ہے بلکہ کم آمدنی والے گھرانوں پر بھی اس کے منفی اثرات زیادہ پڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زائد وزن کی وجہ سے لوگوں کو زندگی بھر مختلف طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے علاج پر حکومت کو بھاری اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کیفے یا بازار میں براہِ راست پیش کیے جانے والے ’اوپن کپ‘ مشروبات اس ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ نیا شوگر ٹیکس یکم جنوری 2028 سے نافذ العمل ہوگا۔









