غزہ اور لبنان میں سیز فائر کی خلاف ورزیاں، اسرائیلی حملوں میں مزید 7 افرادشہید

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ اور لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ تازہ حملوں میں کم از کم 7 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی افواج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید ہوئے۔ غزہ کی سول ڈیفنس کے مطابق مغربی علاقے میں ملبے سے دو مزید لاشیں نکالی گئی ہیں، جبکہ خان یونس اور دیگر شہروں میں ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 236 فلسطینی شہید اور 600 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ مجموعی طور پر غزہ میں اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 68 ہزار 858 جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
ادھر مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز نے گھر گھر تلاشی کے دوران 21 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
لبنان میں بھی سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان کے علاقے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
علاقائی مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے مسلسل حملے سیز فائر معاہدے کے مستقبل پر سوالات کھڑے کر رہے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔









