
واٹس ایپ نے اپنی سکیورٹی اور پرائیویسی خصوصیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اب صارفین اپنی چیٹ بیک اپ کو پاس کیز کے ذریعے انکرپٹ کر سکیں گے۔
میٹا کی زیرملکیت ایپ کے مطابق یہ فیچر آنے والے مہینوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ پاس کیز ایک آسان اور محفوظ طریقہ ہیں، کیونکہ یہ کسی ویب سرور پر محفوظ نہیں ہوتیں۔ یہ صارف کو طویل پاس ورڈ یا پیچیدہ انکرپشن کی بجائے 4 ہندسوں کا پن کوڈ یا بائیو میٹرک شناخت (چہرے یا فنگرپرنٹ) کے ذریعے ڈیٹا تک رسائی فراہم کرتی ہیں۔
واٹس ایپ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جیسے صارفین اپنی پرسنل چیٹس اور کالز کو پاس کیز کے ذریعے محفوظ رکھتے ہیں، وہی سکیورٹی اب چیٹ بیک اپ تک بھی دستیاب ہوگی تاکہ ڈیٹا ہمیشہ محفوظ اور صرف صارف کی رسائی میں رہے۔
واضح رہے کہ پہلے چیٹ بیک اپ انکرپٹڈ نہیں ہوتا تھا، لیکن 2021 میں اس کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس وقت بیک اپ تک رسائی کے لیے صارفین کو پاس ورڈ یا 64 کریکٹرز پر مشتمل انکرپشن کیز یاد رکھنی پڑتی تھیں۔ اب پاس کیز کی بدولت بیک اپ تک رسائی آسان اور زیادہ محفوظ ہو جائے گی۔
صارفین اس فیچر کو واٹس ایپ سیٹنگز → چیٹس → چیٹ بیک اپ → اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بیک اپ میں جا کر چیک کر سکتے ہیں۔ اگر یہ فیچر ابھی دستیاب نہ ہو تو کچھ دن یا ہفتے انتظار کرنے کی ضرورت ہے۔









