
آسٹریلیا کی سڈنی یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایسا نیا پینٹ تیار کیا ہے جو عمارتوں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ائیرکنڈیشنر کا متبادل ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ پینٹ چھت کی سطح کو اردگرد کے درجہ حرارت کے مقابلے میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک ٹھنڈا رکھتا ہے۔
یہ منفرد پینٹ نہ صرف سورج کی روشنی کو 96 فیصد تک واپس فضا میں منعکس کر دیتا ہے بلکہ فضا سے پانی جذب کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ اس کی سطح پر بننے والی باریک تہہ بخارات کو کھینچ کر شبنم کی صورت میں پانی جمع کر لیتی ہے، بالکل اسی طرح جیسے رات کے وقت گاڑیوں پر شبنم کے قطرے جم جاتے ہیں۔
تحقیق کے دوران ماہرین نے اس پینٹ کو سڈنی نانو سائنس ہب کی چھت پر 6 ماہ تک آزمائش کے لیے استعمال کیا۔ نتائج کے مطابق پینٹ نے روزانہ فی مربع میٹر 390 ملی لیٹر پانی جمع کیا، جو ایک عام گھر کی چھت سے تقریباً 70 لیٹر پانی روزانہ فراہم کر سکتا ہے۔
ابتدائی طور پر یہ پینٹ vinylidene fluoride-co-hexafluoropropene پر مبنی تھا، تاہم بعد میں ماہرین نے اسی خصوصیات کے ساتھ پانی پر مبنی ماحول دوست پینٹ تیار کر لیا جو عام پینٹ کی طرح آسانی سے چھتوں پر لگایا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی خاص طور پر ان علاقوں کے لیے مفید ہوگی جہاں ہیٹ ویوز عام ہیں یا جہاں زیرزمین پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ اس جدید پینٹ کی بدولت مستقبل میں توانائی کے استعمال میں نمایاں کمی اور ماحولیاتی بہتری ممکن ہو سکے گی۔








