امریکی صدر کا دوحہ میں مختصر قیام، امیرِ قطر سے ملاقات

0
96
امریکی صدر کا دوحہ میں مختصر قیام، امیرِ قطر سے ملاقات

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملائیشیا کے دورے پر جاتے ہوئے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مختصر قیام کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے جہاز میں ملاقات کی۔

بین الاقوامی ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ملائیشیا جا رہے ہیں۔ دوحہ میں قیام کے موقع پر انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے حوالے سے قطر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ “ہم نے خطے میں ناقابلِ یقین امن حاصل کیا ہے، جس میں قطر کا اہم کردار رہا ہے۔”

طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات مثبت نتائج لائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین مزید اضافی ٹیرف سے بچنے کے لیے تجارتی معاہدے پر رضامند ہو سکتا ہے، جو یکم نومبر سے نافذ ہونے والا ہے۔

انہوں نے غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پائیدار امن ضروری ہے اور جلد ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی۔ ٹرمپ کے مطابق، قطر نے عندیہ دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ غزہ میں امن مشن کے لیے فوج بھیجنے پر آمادہ ہے۔

صدر ٹرمپ نے حماس پر زور دیا کہ یرغمالیوں کی لاشیں فوری طور پر واپس کی جائیں، بصورتِ دیگر امن معاہدے میں شامل ممالک مشترکہ کارروائی پر غور کریں گے۔

امریکی صدر اپنے ایشیائی دورے کے دوران چین کے علاوہ جنوبی کوریا اور جاپان کا بھی دورہ کریں گے، جبکہ انہوں نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

Leave a reply