امریکی نائب صدر کا اسرائیلی پارلیمنٹ کے مغربی کنارے سے متعلق فیصلے پر ردعمل

0
91
امریکی نائب صدر کا اسرائیلی پارلیمنٹ کے مغربی کنارے سے متعلق فیصلے پر ردعمل

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے الحاق سے متعلق ووٹنگ کو ’’احمقانہ سیاسی حربہ‘‘ قرار دیا ہے۔

تل ابیب ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ یہ ایک بے معنی اور علامتی ووٹ تھا جس کا کوئی عملی اثر نہیں پڑے گا۔ ان کے مطابق اگر یہ اقدام سیاسی مقصد کے لیے اٹھایا گیا ہے تو یہ انتہائی غیر دانشمندانہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس ووٹنگ کو غزہ امن معاہدے کی توہین سمجھتے ہیں۔ جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا مؤقف بدستور یہی ہے کہ مغربی کنارہ اسرائیل میں ضم نہیں کیا جائے گا۔

امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیلی پارلیمنٹ علامتی ووٹ دینا چاہتی ہے تو یہ ان کا معاملہ ہے، لیکن واشنگٹن اس فیصلے سے خوش نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ نے حال ہی میں مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کے غیر قانونی بل کی ابتدائی منظوری دی تھی، تاہم اگلے مراحل کی منظوری فی الحال مؤخر کر دی گئی ہے۔

Leave a reply