پولینڈ کے نائب وزیراعظم پاکستان پہنچ گئے، دوطرفہ تعلقات پر بات چیت متوقع

اسلام آباد: پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ رادوسواف سکورسکی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ان کا استقبال ایڈیشنل فارن سیکرٹری خالد جمالی نے کیا۔
دورے کے دوران، نائب وزیراعظم سکورسکی پاکستانی ہم منصب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، یہ وزیر خارجہ سکورسکی کا پاکستان کا دوسرا سرکاری دورہ ہے، جن کا پہلا دورہ 2011 میں ہوا تھا۔ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
مذاکرات مکمل ہونے کے بعد دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ پریس ریلیز جاری کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، یہ دورہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔









