انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت

0
37
انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت

انسٹاگرام نے پلیٹ فارم پر کم عمر صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے نئی پابندیاں متعارف کرا دی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نوجوان صارفین کو غیر موزوں مواد اور اکاؤنٹس سے دور رکھنا ہے۔

میٹا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے مخصوص “ٹین اکاؤنٹس” پر نئی سیکیورٹی اپڈیٹس کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔ ان اپڈیٹس کے تحت کم عمر صارفین اب ایسے پروفائلز کو نہ تو فالو کر سکیں گے اور نہ ہی ان کا مواد دیکھ سکیں گے، جو بار بار نامناسب یا غیر اخلاقی مواد شیئر کرتے ہیں۔

میٹا کے مطابق، ان اکاؤنٹس کو نہ صرف ریکومینڈیشنز اور سرچ نتائج سے ہٹا دیا جائے گا، بلکہ کم عمر صارفین کچھ مخصوص سرچ اصطلاحات جیسے شراب نوشی سے متعلق مواد کو بھی تلاش نہیں کر سکیں گے۔

انسٹاگرام نے “لمیٹڈ کانٹینٹ سیٹنگ” کے نام سے ایک نیا فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جو والدین کو اس قابل بنائے گا کہ وہ اپنے بچوں کی پوسٹس پر کمنٹس کی رسائی کو محدود کر سکیں، حتیٰ کہ وہ خود بھی اپنی پوسٹس پر کمنٹس نہ دیکھ سکیں۔

اس کے علاوہ، میٹا ایک نیا رپورٹنگ فیچر بھی آزما رہا ہے جس کے ذریعے والدین انسٹاگرام پر کسی بھی قابل اعتراض پوسٹ کو فلیگ کر سکیں گے، بشرطیکہ وہ پیرنٹل کنٹرول سیٹنگ فعال کیے ہوئے ہوں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں مرحلہ وار نافذ کی جائیں گی، جن کا آغاز امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سے کیا جائے گا۔

Leave a reply