
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ صدیقہ عالمی سطح پر ایک اہم اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ انہیں انٹرنیشنل فیڈریشن آف گائناکالوجی اینڈ آبسٹیٹرکس (فیگو) کی ٹرسٹی منتخب کیا گیا ہے، جو کہ خواتین صحت سے متعلق دنیا کی سب سے بڑی تنظیم ہے۔
ڈاکٹر عائشہ اس اہم عہدے پر منتخب ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون بن گئی ہیں، جو نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔
اس کے ساتھ ہی ڈاکٹر عائشہ کو “فیگو ویمنز ایوارڈ 2025” سے بھی نوازا گیا ہے، جو انہیں طبی شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
ڈاکٹر عائشہ صدیقہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیگو کی جنرل اسمبلی کی رکنیت حاصل کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی ہے بلکہ پاکستان، بالخصوص بلوچستان کی میڈیکل کمیونٹی کی مشترکہ کامیابی ہے۔
فیگو کی جنرل اسمبلی میں دنیا بھر کے 142 ممالک کی نمائندگی ہوتی ہے، اور اس میں صرف 10 افراد کو ٹرسٹی کے طور پر منتخب کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر عائشہ، بولان میڈیکل یونیورسٹی میں بطور پروفیسر اور گائنی شعبے کی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں اور انہیں پاکستان کے طبی حلقوں میں ایک معتبر مقام حاصل ہے۔









