ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ

0
157
ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ

کراچی کے ڈیری فارمرز نے دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 50 روپے کے فوری اضافے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ حالیہ مہنگائی اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ان کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث موجودہ قیمت پر دودھ کی فروخت ممکن نہیں رہی۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ڈیری فارمز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بتایا کہ شہر میں تقریباً 10 لاکھ سے زائد مویشی موجود ہیں، اور یومیہ تقریباً 50 لاکھ لیٹر دودھ شہر کو فراہم کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق ڈیری انڈسٹری کو روزانہ 30 کروڑ روپے تک کا نقصان ہو رہا ہے۔

فارمرز نے دعویٰ کیا کہ چارہ، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث مویشیوں کو خوراک کی فراہمی بھی مشکل ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حالات یہی رہے تو جانور بھوکے مرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ڈیری فارمرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے قبل دودھ کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، بصورت دیگر وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کریں گے۔

Leave a reply