
ایشیا کپ 2025 کا فائنل آج دبئی میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، جسے بھارت کے 100 سے زائد سینما گھروں میں بڑی اسکرینز پر براہ راست دکھایا جائے گا۔
بھارتی ملٹی پلیکس کمپنی “پی وی آر انوکس” نے اس میچ کی لائیو اسٹریمنگ کے لیے ایشین کرکٹ کونسل اور آئی ٹی ڈبلیو یونیورس کے ساتھ اشتراک کیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں سینما اسکرینز پر فائنل دکھایا جائے گا۔ شائقین آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل بھارت میں پاکستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کی مہم جاری تھی، خصوصاً پہلگام واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر میچ نہ دیکھنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ تاہم، جیسے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سپر فور مرحلے میں سنسنی خیز مقابلہ ہوا، شائقین کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے اس مقابلے کو خاص اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔
بھارت اس ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہا ہے اور دو بار پاکستان کو شکست دے چکا ہے — ایک بار گروپ میچ میں سات وکٹوں سے اور دوسری بار سپر فور مرحلے میں چھ وکٹوں سے۔ اب دونوں ٹیمیں فائنل میں ایک بار پھر مدِ مقابل ہیں، اور شائقین ایک اور سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں۔









