ٹرمپ سمیت امریکی اعلیٰ شخصیات کے قتل کی سازش، پاکستانی شہری کو 27 سال سے زائد قید

0
0
ٹرمپ سمیت امریکی اعلیٰ شخصیات کے قتل کی سازش، پاکستانی شہری کو 27 سال سے زائد قید

امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے سابقہ اور موجودہ امریکی اعلیٰ قیادت کو قتل کرنے کی سازش کے مقدمے میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ، یعنی 27 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف مرچنٹ پر الزام تھا کہ اس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سابق صدر جو بائیڈن اور اقوام متحدہ میں سابق امریکی سفیر نکی ہیلی کو نشانہ بنانے کے لیے مبینہ طور پر کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

عدالتی کارروائی میں بتایا گیا کہ جن افراد سے آصف مرچنٹ نے رابطہ کیا، وہ درحقیقت امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے خفیہ اہلکار تھے۔ اس طرح مبینہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرنے سے پہلے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علم میں آگیا۔

استغاثہ کے مطابق آصف مرچنٹ نے اعتراف کیا تھا کہ وہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ہدایات پر کام کر رہا تھا۔ اس مبینہ منصوبے کا مقصد 2020 میں عراق میں امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینا تھا۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ اس سازش میں ڈونلڈ ٹرمپ بنیادی ہدف تھے، کیونکہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے وقت ٹرمپ امریکی صدر تھے۔

مقدمے کے مطابق آصف مرچنٹ نے اپریل 2024 میں امریکا پہنچ کر مبینہ منصوبے پر پیش رفت شروع کی اور خفیہ اہلکاروں کو پانچ ہزار ڈالر بھی ادا کیے۔ بعد ازاں جولائی 2024 میں امریکا سے روانگی کی کوشش کے دوران اسے ٹیکساس سے گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری جانب آصف مرچنٹ کے وکلا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کا مؤکل ایرانی رشتہ داروں کو نقصان پہنچانے کی دھمکیوں کے باعث دباؤ میں تھا اور اسی وجہ سے اس نے مبینہ منصوبے میں حصہ لیا۔

آصف مرچنٹ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس کا ارادہ کسی کو قتل یا نقصان پہنچانے کا نہیں تھا بلکہ وہ گرفتاری کے بعد امریکی حکام کے ساتھ تعاون کرنا چاہتا تھا۔

امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں غیر ملکی دہشت گردانہ منصوبوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

Leave a reply