جلالپور پیر والا کے قریب موٹروے کا حصہ سیلاب میں بہہ گیا، ٹریفک معطل

0
210
جلالپور پیر والا کے قریب موٹروے کا حصہ سیلاب میں بہہ گیا، ٹریفک معطل

جلالپور پیر والا: حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث جلالپور پیر والا کے قریب ملتان سکھر موٹروے کا ایک حصہ بہہ گیا، جس کے باعث اس شاہراہ پر ہر قسم کی ٹریفک کو بند کر دیا گیا ہے۔

پولیس اور مقامی انتظامیہ کے مطابق اوچ شریف روڈ پر پانی کے دباؤ کے باعث پڑنے والے شگاف نے موٹروے کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے مرمت کا کام شروع کیا گیا، لیکن تیز پانی کے بہاؤ کی وجہ سے یہ کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

ادھر، جلالپور پیر والا شہر کو بچانے کے لیے بنائے گئے بند پر پانی کا دباؤ مسلسل کم ہو رہا ہے۔ حکام کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد شجاع آباد کے متعدد متاثرہ علاقوں سے بھی پانی اترنا شروع ہو گیا ہے۔

اوچ شریف روڈ پر شگاف کے باعث درجنوں دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ مقامی ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور املاک کو نقصان سے بچانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کی طرف سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال پر نظر رکھیں

Leave a reply