
حیدر آباد اور گردونواح میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
شہر کے کئی علاقوں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ لطیف آباد، قاسم آباد، ٹھنڈی سڑک، سٹیزن کالونی سمیت متعدد علاقوں میں تیز بارش کے بعد سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ ہالہ، نیو سعیدآباد، اور بھٹ شاہ میں بھی بارش کے نتیجے میں نظام زندگی متاثر ہوا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے بارش کی شدت کے پیش نظر حیدر آباد کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں آج ایک روزہ تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ مٹیاری میں بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی گئی ہے۔









