پاکستانی کھلاڑیوں کی اسکریبل میں شاندار کامیابی، تمام ٹرافیاں اپنے نام کر لیں

0
184
پاکستانی کھلاڑیوں کی اسکریبل میں شاندار کامیابی، تمام ٹرافیاں اپنے نام کر لیں

ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں منعقد ہونے والے چوتھے گیٹ وے انٹرنیشنل اسکریبل ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام ٹرافیاں جیت لیں۔

تین روزہ ایونٹ میں دنیا بھر کے نو ممالک سے 80 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں عالمی رینکنگ کے چوتھے نمبر کے کھلاڑی تھاچا کو ویرات بھی شامل تھے۔

سینئر کیٹیگری میں پاکستان کے حشام ہادی خان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 24 میں سے 17 گیمز جیتے اور 1190 پوائنٹس کا اسپریڈ حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ چودہ سالہ احمد سلمان دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ سابق ورلڈ یوتھ چیمپئن عفان سلمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

یوتھ کیٹیگری میں بھی پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے۔ مصباح الرحمٰن نے ٹائٹل اپنے نام کیا، شاہ جہاں احمد دوسرے نمبر پر آئے جبکہ مصعب فریدی نے ساتویں پوزیشن حاصل کی۔

یہ کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور عالمی اسکریبل منظرنامے پر نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔

Leave a reply