
بھارت سے تعلق رکھنے والے اداکار آشیش ورنگ، جو کئی معروف فلموں میں معاون کرداروں کے لیے جانے جاتے تھے، انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 55 برس تھی۔
ذرائع کے مطابق ان کا انتقال جمعہ کے روز ہوا۔ اگرچہ موت کی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔
آشیش ورنگ نے اپنے کیریئر میں کئی مشہور فلموں میں کام کیا، جن میں سوریا ونشی، مردانی، سمبا، سرکس اور ایک ولن ریٹرنز شامل ہیں۔ ان کی اداکاری، خصوصاً پولیس افسر کے کردار میں، شائقین کو خوب پسند آئی۔
فلموں کے ساتھ ساتھ انہوں نے مراٹھی ٹیلی ویژن ڈراموں اور اشتہارات میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہیں فلم انڈسٹری کے کئی بڑے ناموں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جن میں امیتابھ بچن، عامر خان، رانی مکھرجی، اجے دیوگن، اکشے کمار، کترینہ کیف، رنویر سنگھ اور ہدایت کار روہت شیٹی شامل ہیں۔
ان کے انتقال کی خبر سے ان کے مداحوں اور فلمی حلقوں میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔









