سرورِدو عالم ﷺ کی ولادت کا دن عقیدت و احترام سےمنایاجارہا ہے

0
219
سرورِدو عالم ﷺ کی ولادت کا دن عقیدت و احترام سےمنایاجارہا ہے

ملک بھر میں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کا دن نہایت عقیدت، محبت اور دینی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہر، گلی، کوچے چراغاں سے جگمگا اٹھے ہیں، جب کہ مساجد، بازار، چوراہے اور عمارتیں سبز پرچموں سے سجی ہوئی ہیں۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صبح کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جس کے بعد مساجد میں نمازِ فجر ادا کی گئی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد، ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

ملک کے مختلف حصوں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں جن میں عاشقانِ رسول ﷺ بڑی تعداد میں شریک ہیں۔ درود و سلام کی محافل اور نعت خوانی کی تقریبات کا بھی بھرپور اہتمام کیا گیا ہے، جہاں شرکاء اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے حضور ﷺ سے اپنی محبت اور عقیدت کا عملی ثبوت دے رہے ہیں۔

یہ دن ہمیں نہ صرف رسولِ رحمت ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہونے کی یاد دہانی کراتا ہے بلکہ معاشرتی بھائی چارے، رواداری اور خیر خواہی کا پیغام بھی دیتا ہے۔

Leave a reply