انسٹاگرام ریل نے سات سال سے لاپتا شوہر کا سراغ دے دیا

0
152
انسٹاگرام ریل نے سات سال سے لاپتا شوہر کا سراغ دے دیا

اترپردیش، بھارت: بھارت کے ضلع ہردوئی میں ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنے سات سال سے لاپتا شوہر کو انسٹاگرام ریلز پر دوسری عورت کے ساتھ پہچان لیا۔

اطلاعات کے مطابق، مران نگر سے تعلق رکھنے والی شیلو نامی خاتون کی 2017 میں جتیندر کمار سے شادی ہوئی تھی۔ شادی کے کچھ عرصے بعد دونوں کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔ تاہم، شادی شدہ زندگی زیادہ عرصہ نہ چل سکی کیونکہ جتیندر اپنی بیوی کو جہیز کے مطالبات پر ہراساں کرتا رہا، اور جلد ہی بغیر اطلاع کے گھر سے غائب ہو گیا۔

2018 میں جتیندر کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی، لیکن پولیس اور اہل خانہ کی تمام کوششوں کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہ ملا۔ اس دوران جتیندر کے گھر والوں نے شیلو اور اس کے خاندان پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے قتل تک کا شبہ ظاہر کیا، جس کے باعث شیلو کو اپنے بیٹے سمیت میکے میں پناہ لینی پڑی۔

حالات نے نیا رخ اُس وقت لیا جب شیلو نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو دیکھی، جس میں اس کا شوہر ایک دوسری عورت کے ساتھ لدھیانہ کی سڑکوں پر دکھائی دیا۔ شیلو کا دعویٰ ہے کہ جتیندر نے دوسری شادی کر لی ہے اور وہیں نئی زندگی گزار رہا ہے۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ جتیندر کی گمشدگی کی ایف آئی آر پہلے سے موجود ہے، اور اب نئی معلومات سامنے آنے کے بعد شیلو کی جانب سے تازہ شکایت بھی درج کر لی گئی ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کی جائے گی۔

Leave a reply