
ہاٹ لائن نیوز : پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں امن و امان کے حوالے سے پولیس کو لیڈ رول دینےکافیصلہ کیا گیاہے۔
جمعرات کو ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری ، آئی جی پولیس کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور امن و امان کی خراب صورتحال اور اضلاع کے حوالے سے نئے ایکشن پلان کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں صوبے کے بعض اضلاع میں امن و امان کے حوالے سے پولیس کو لیڈ رول دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبے میں امن و امان کو بہتر بنانے کے لیے پولیس اور سول انتظامیہ کی استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پولیس کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے اور خالی آسامیوں پر بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کے شہداء کے اہل خانہ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے وزیراعلیٰ نے چھ ماہ کے دوران شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے 178 شہداء کے اہل خانہ کو پیکج دینے کا فیصلہ کیا۔ شہید فوجیوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے اور افسران کے اہل خانہ کو 20 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پاک فوج اور ایف سی کے شہداء کے بچوں کو پولیس اور سرکاری محکموں میں بھرتی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
فورم نے سماجی و اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے انضمام شدہ اضلاع کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ ضم شدہ اضلاع میں تیز رفتار سماجی ترقی کے لیے مزید مالی وسائل خرچ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔









