
ہاٹ لائن نیوز : قومی ایئرلائن کی دبئی جانے والی پرواز میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں طیارہ اچانک 26 ہزار فٹ نیچے آگیا ۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایمرجنسی مسقط کے قریب پیش آئی۔ پرواز پی کے 213 دوپہر 2 بجکر 50 منٹ پر کراچی سے دبئی کے لیے روانہ ہوئی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایک گھنٹے بعد جب طیارہ مسقط پہنچا تو ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی جس کے باعث طیارہ 6 منٹ میں 26 ہزار فٹ کی بلندی سے نیچے اتر گیا۔ اس پر پائلٹ نے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔
ترجمان کے مطابق ہنگامی صورتحال ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی کے باعث پیش آئی تاہم پائلٹ نے اپنی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے اس مسئلے پر قابو پالیا اور ایک گھنٹے کی کم اونچائی پر پرواز کے بعد دبئی پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ دبئی ایئرپورٹ پر معائنے کے بعد طیارے کو اگلی پرواز کے لیے روانہ کر دیا گیا۔ ایئربس اے 320 طیارہ دبئی سے اسلام آباد اور پھر اسکردو کے لیے روانہ ہوا۔









