واشنگٹن : ہندوستانی سفارت خانے سے افسر کی لاش برآمد

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہندوستانی سفارت خانے کے ایک افسر کی لاش ملی ہے۔
بھارتی میڈیا اس معاملے پر مکمل طور پر خاموش ہے جب کہ ایک بھارتی ویب سائٹ نے انتہائی محتاط انداز میں معلومات شیئر کی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سفارتخانہ ہلاک ہونے والے افسر کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ افسر نے پھانسی لگا کر خودکشی کی ہے۔ سفارت خانے نے اہل خانہ کی رازداری کے تحفظ کے لیے متوفی افسر کے بارے میں کوئی معلومات جاری نہیں کیں۔
دوسری جانب سویڈن میں مقیم پروفیسر اشوک سوین، جو بھارتیہ جنتا پارٹی (پی جی پی) اور نریندر مودی کے کٹر ناقد ہیں، نے اس معاملے پر کچھ زیادہ ہی کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ “بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ بھارت سے کچھ دیر قبل، ایک بھارتی سفارت کار کی لاش واشنگٹن ڈی سی میں واقع بھارتی سفارت خانے سے ‘انتہائی پراسرار صورتحال’ میں ملی ہے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی سفارت خانے نے دو دن بعد اس معاملے پر (مختصر) بات کی ہے، جب کہ بھارتی میڈیا نے چپ سادھ رکھی ہے، امریکا سکھ رہنما کے قتل کی سازش کے معاملے پر بھارتی سفارت خانے سے پوچھ گچھ کر رہا ہے۔








