
ہاٹ لائن نیوز : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروگرام لانے کا اعلان بھی کیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ وہ شہری اور دیہی علاقوں میں گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ تک قرضہ دیں گی۔ قرضہ بغیر سود کے 7 سال کی آسان اقساط میں ادا کرنا ہوگا، ماہانہ 14 ہزار کی اقساط پر ہم جلد گھر بنا کر لوگوں کو دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جس کے پاس اپنا گھر ہے وہ اس نعمت کی قدر نہیں کرتا، اس خواہش کی شدت ان سے پوچھیں جن کے پاس اپنا گھر نہیں، اگر آپکے پاس تمام نعمتیں ہیں لیکن اپناگھر نہیں ہے توپھر کمی بیان کرنامشکل ہے.
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہ سکیم بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں، امید ہے کہ ہم جلد گھر بنا کر عوام کو دیں گے۔ نواز شریف کو اس سکیم کا سب سے زیادہ انتظار تھا۔ وہ مجھے کہتے تھے کہ کسی کو رہنے کے لیے گھر دو۔ اس سے بڑی کوئی خدمت نہیں، اگر اس سکیم میں عوام کے پاس شہری علاقوں میں ایک سے 5 مرلہ اور دیہی علاقوں میں ایک سے 10 مرلہ اراضی ہے تو حکومت پنجاب 15 لاکھ تک 7 سال کے لیے آسان اقساط میں قرضہ دے گی ،پہلے 3 ماہ آپ کوایک پیسہ بھی ادا نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس سکیم کے لیے ایک نمبر بھی دیا گیا ہے، لوگ آن لائن بھی اپلائی کر سکتے ہیں اور 080009100 پر کال کر کے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں، ڈی سی آفس سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گھر کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار آسان کر دیا ہے، پنجاب کے عوام کو 45 سے 50 ارب روپے کا ریلیف دے رہے ہیں، تاریخ کی سب سے بڑی سولر سکیم بھی لا رہے ہیں۔









