
کراچی: پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں ایک روزہ کمی کے بعد سونے کی قیمت میں دوبارہ نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث سونے کے خریداروں کو ایک بار پھر اضافی رقم ادا کرنا پڑے گی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار 636 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کے نرخ بھی 4 ہزار 30 روپے بڑھ گئے، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 24 ہزار 619 روپے میں فروخت ہونے لگا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 47 ڈالر مہنگا ہوکر 3 ہزار 561 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 166 روپے اضافے کے بعد 4 ہزار 629 روپے ہوگئی۔
قیمتوں میں اتار چڑھاؤ
سونے اور چاندی کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ کی تبدیلیوں کے اثرات مقامی صرافہ بازار میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز قیمتوں میں کمی کے بعد آج ہونے والے اضافے نے مارکیٹ میں دوبارہ تیزی پیدا کردی ہے۔
واضح رہے کہ سونے کی قیمتیں عالمی نرخوں اور مقامی مارکیٹ کے حالات کے مطابق تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔








