
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے کم عمر صارفین کی آن لائن حفاظت اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کی نگرانی بہتر بنانے کے لیے اپنے فیملی پیئرنگ فیچر کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک نیا ڈیش بورڈ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے پلیٹ فارم استعمال کرنے کے انداز سے متعلق مزید معلومات حاصل کر سکیں گے۔
نئے ڈیش بورڈ میں اسکرین ٹائم کی نگرانی کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ والدین اب یہ دیکھ سکیں گے کہ ان کے بچے روزانہ اوسطاً کتنا وقت ٹک ٹاک پر گزارتے ہیں، رات کے اوقات میں ان کی سرگرمی کتنی رہتی ہے اور وقت کے استعمال سے متعلق کون سی پابندیاں فعال ہیں۔
اس کے علاوہ والدین کو بچوں کے فالوورز اور فالو کیے جانے والے اکاؤنٹس میں ہونے والی تبدیلیوں، منسلک اکاؤنٹس اور بلاک کیے گئے صارفین کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ٹک ٹاک کے نئے فیچر کے تحت والدین ان تصدیق شدہ کری ایٹرز کے مواد کے نمونے بھی دیکھ سکیں گے جنہیں ان کے بچے فالو کرتے ہیں۔ اس سے انہیں بچوں کی دلچسپیوں، پسندیدہ موضوعات اور آن لائن کمیونٹیز کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ والدین بچوں کی عوامی پوسٹس اور ان پر حاصل ہونے والے ویوز کی تعداد بھی دیکھ سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق آئندہ چند ماہ کے دوران ڈیش بورڈ میں ایک اور سہولت شامل کی جائے گی، جس کے ذریعے والدین کو معلوم ہو سکے گا کہ ان کے بچے کن افراد کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔
اس اپ ڈیٹ کا مقصد والدین کو بچوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں سے باخبر رکھنا ہے، تاہم معلومات کی فراہمی میں خاندانی اعتماد اور نوعمر صارفین کی نجی زندگی کے احترام کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
ڈیش بورڈ پر موجود معلومات روزانہ اپ ڈیٹ ہوں گی، جبکہ والدین اسی پلیٹ فارم کے ذریعے متعلقہ سیٹنگز میں تبدیلی بھی کر سکیں گے۔ ٹک ٹاک نے اس کے ساتھ اساتذہ کے لیے ایک رہنما گائیڈ بھی متعارف کرائی ہے، تاکہ نوجوانوں کی آن لائن حفاظت اور ڈیجیٹل صحت کے حوالے سے والدین اور تعلیمی اداروں کو رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
مزید یہ کہ فیملی پیئرنگ فیچر اب ویب براؤزر کے ذریعے بھی استعمال کیا جا سکے گا، جس سے والدین کے لیے موبائل ایپ کے بغیر بھی بچوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں سے متعلق سیٹنگز کا انتظام کرنا آسان ہو جائے گا۔









