گدھی کا دودھ مہنگا ترین کاروبار بن گیا، قیمت سن کر دنگ رہ جائیں گے!

0
13
گدھی کا دودھ مہنگا ترین کاروبار بن گیا، قیمت سن کر دنگ رہ جائیں گے!

ہماچل پردیش میں گدھیوں کا خصوصی ڈیری فارم قائم، کم پیداوار اور بیوٹی مصنوعات میں استعمال کے باعث دودھ کی قیمت انتہائی زیادہ مقرر کیے جانے کا امکان

بھارت میں ڈیری کے شعبے میں ایک منفرد کاروباری تجربہ سامنے آیا ہے، جہاں اب گدھیوں کے دودھ کی تجارتی بنیادوں پر پیداوار اور فروخت کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع بلاس پور میں خصوصی ڈیری فارم قائم کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ڈیریکا فارمز کے نام سے شروع کیے گئے اس منصوبے میں ابتدائی طور پر 12 گدھیاں شامل کی گئی ہیں، جبکہ مستقبل میں ان کی تعداد بڑھا کر 25 کرنے کا منصوبہ ہے۔

فارم انتظامیہ نے گدھی کے دودھ کی قیمت 5 ہزار سے 7 ہزار بھارتی روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 15 ہزار سے 21 ہزار روپے بنتی ہے۔

گدھی کا دودھ اتنا مہنگا کیوں ہے؟

گدھی کے دودھ کی زیادہ قیمت کی بنیادی وجہ اس کی محدود پیداوار ہے۔ گائے اور بھینس کے مقابلے میں گدھیاں بہت کم مقدار میں دودھ دیتی ہیں، جبکہ ان کا دودھ دینے کا دورانیہ بھی محدود ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ دودھ جمع کرنے، محفوظ رکھنے اور پراسیسنگ کے اخراجات بھی اس کی مجموعی قیمت میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

خوبصورتی کی مصنوعات میں استعمال

گدھی کے دودھ کی مہنگی قیمت کی ایک اور وجہ کاسمیٹکس انڈسٹری میں اس کا استعمال ہے۔ اس کی غذائی ترکیب گائے اور بھینس کے دودھ سے مختلف ہوتی ہے، اسی لیے اسے بعض صابن، کریموں اور جلد کی نگہداشت سے متعلق مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ دودھ مائع شکل کے علاوہ پاؤڈر کی صورت میں بھی فروخت ہوتا ہے۔ دستیاب رپورٹ کے مطابق اس کے ایک کلو پاؤڈر کی قیمت 20 ہزار سے 80 ہزار بھارتی روپے تک ہو سکتی ہے۔

گدھوں کی نسل بڑھانے پر توجہ

اس منصوبے کی شریک بانی سیرت تور کے مطابق بھارت میں گدھوں کی تعداد میں کمی نے انہیں اس کاروبار کی جانب متوجہ کیا۔ بعد ازاں ہماچل پردیش میں پائی جانے والی سپیتی نسل کے گدھوں کی افزائش کو منصوبے کا حصہ بنایا گیا۔

فارم کے مالک سنجیو سنگھ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی پہلے ہی روزانہ 2 ہزار 700 لیٹر سے زائد دودھ جمع کرنے کے کاروبار سے منسلک ہے، جس کے لیے مقامی مویشی پالنے والوں کے ساتھ بھی تعاون کیا جا رہا ہے۔

کسانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع

اس ڈیری منصوبے کا افتتاح گاؤں کنڈروڑ میں منعقدہ ڈیری کانکلیو 2026 کے موقع پر کیا گیا۔ منصوبے سے مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور کسانوں کو آمدنی کے نئے ذرائع فراہم ہونے کی توقع ہے۔

بھارتی وزارتِ ماہی پروری، مویشی بانی اور ڈیری کے مطابق جانوروں کی افزائش کے منصوبوں کے لیے اہل افراد کو 50 لاکھ بھارتی روپے تک سبسڈی فراہم کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

گدھی کے دودھ کا یہ منصوبہ بھارت میں ڈیری انڈسٹری کے ایک نئے کاروباری رجحان کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں روایتی مویشیوں کے علاوہ دیگر جانوروں کی افزائش کو بھی آمدنی کا ذریعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Leave a reply