امیر والدین کی آخری امید موت میں بدل گئی، 6 سالہ بچی کے علاج کا ہولناک انکشاف

0
17
امیر والدین کی آخری امید موت میں بدل گئی، 6 سالہ بچی کے علاج کا ہولناک انکشاف

شنگھائی: چین میں ایک نایاب جینیاتی بیماری کے علاج کے لیے کیے گئے تجرباتی جین ایڈیٹنگ کے عمل کے دوران 6 سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی۔ واقعے کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد چینی حکام نے تحقیق کے سربراہ سائنس دان سمیت متعلقہ عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بچی ایک نایاب جینیاتی مرض میں مبتلا تھی، جس کے باعث اس کی دماغی نشوونما اور ذہنی صلاحیتیں متاثر ہو رہی تھیں۔ اس کے والدین نے 2023 میں چینی نیورو سائنس دان زی لونگ کیو سے رابطہ کیا، جنہوں نے متاثرہ جین کی خرابی دور کرنے کے لیے ایک تجرباتی علاج تیار کرنے کی پیشکش کی۔

اس علاج پر بچی کے والدین نے اپنی جمع پونجی اور رشتہ داروں سے حاصل کردہ رقم سمیت تقریباً 8 لاکھ 60 ہزار ڈالر خرچ کیے، جو پاکستانی کرنسی میں 23 کروڑ 77 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

مارچ 2025 میں بچی کو تجرباتی جین تھراپی دی گئی۔ اس طریقہ علاج میں جینیاتی تبدیلی کے اجزا کو ایک تبدیل شدہ وائرس کے ذریعے ریڑھ کی ہڈی میں انجیکشن لگا کر جسم میں داخل کیا گیا، تاکہ وہ دماغ تک پہنچ سکیں۔

تاہم علاج کے بعد بچی کے جسم میں شدید مدافعتی ردعمل پیدا ہوا اور اسے متعدد طبی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اسپتال کی معلومات کے مطابق علاج کے سات روز بعد بچی انتقال کر گئی۔ بعد ازاں اسپتال کی اخلاقی کمیٹی نے بھی موت کا تعلق تجرباتی علاج سے قرار دیا۔

تحقیق میں بچی کی موت کا ذکر کیوں نہیں ہوا؟

اس معاملے کا ایک اہم پہلو یہ سامنے آیا کہ تجربے کے سربراہ سائنس دان نے فروری 2026 میں معروف سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی تحقیق میں بچی کی موت کا ذکر نہیں کیا تھا۔

امریکی جریدے سائنس اور تحقیقاتی ویب سائٹ ریٹریکشن واچ کی مشترکہ تحقیقات میں اس معاملے کی تفصیلات سامنے آئیں۔ رپورٹ کے مطابق شائع شدہ تحقیق میں انسانی تجربے کے نتائج اور والدین کی جانب سے ادا کی گئی بھاری رقم سے متعلق معلومات بھی شامل نہیں تھیں۔

بچی کے والدین نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں علاج کے ممکنہ خطرات سے مکمل طور پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ والد کے مطابق انہیں اس تجربے کے غیر معمولی انتظامات اور ممکنہ سنگین نتائج کا اندازہ نہیں تھا۔

بندروں پر تجربات میں بھی سامنے آئے تھے منفی اثرات

چینی حکام کی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ انسانی تجربے سے تقریباً ایک ماہ قبل بندروں پر کیے گئے تجربات میں جگر کو نقصان پہنچنے کے آثار ظاہر ہوئے تھے۔

تاہم متعلقہ تحقیقی ٹیم نے مبینہ طور پر ان نتائج سے انسانی تجربے کے ذمہ دار محققین کو بروقت آگاہ نہیں کیا۔ تحقیقات کے مطابق اسپتال نے بھی حفاظتی اور زہریلے اثرات سے متعلق تمام ضروری شواہد کا مکمل جائزہ لیے بغیر تجربے کی منظوری دی۔

مزید یہ کہ والدین کو فراہم کی گئی رضامندی کی دستاویزات میں علاج کے نتیجے میں موت واقع ہونے کے خطرے کی واضح وضاحت بھی موجود نہیں تھی۔

سائنس دان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

شنگھائی حکام نے 13 نومبر 2026 کو تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد کارروائی کا اعلان کیا۔ سائنس دان زی لونگ کیو کو شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی سے منسلک سونگ جیانگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے نائب ڈائریکٹر کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا، جبکہ انہیں آئندہ پانچ سال تک سائنسی منصوبوں میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔

ان کا نام سائنسی تحقیق میں سنگین بے ضابطگیوں کے مرتکب افراد کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ ان کی ٹیم کے ایک دوسرے محقق کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے اور پانچ سال کی پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

حکام نے متعلقہ اسپتال اور یونیورسٹی کو بھی تحقیقی نگرانی اور مریضوں کی حفاظت کے نظام میں بہتری لانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ واقعہ جینیاتی بیماریوں کے علاج میں جین ایڈیٹنگ کے بڑھتے ہوئے استعمال کے دوران مریضوں کی حفاظت، تجربات کی منظوری، والدین کی باخبر رضامندی اور سائنسی تحقیق میں شفافیت کی اہمیت کو ایک بار پھر نمایاں کرتا ہے۔

Leave a reply