
بچن خاندان کو سکیورٹی خدشات کا سامنا، سوشل میڈیا پر گینگسٹر گولڈی ڈھلوں سے منسوب دھمکی آمیز پیغام سامنے آگیا۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کے بعد ان کے صاحبزادے ابھیشیک بچن کو بھی مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھمکیاں گینگسٹر گولڈی ڈھلوں سے منسوب ایک سوشل میڈیا پیغام میں دی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دھمکی آمیز پیغام میں امیتابھ اور ابھیشیک بچن کو نشانہ بنانے کی بات کی گئی ہے۔ اس پیش رفت سے بچن خاندان کی سکیورٹی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی امیتابھ بچن کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی جا چکی ہے، جس کے بعد ان کی رہائش گاہ پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے گئے تھے۔
گولڈی ڈھلوں سے منسوب تازہ پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امیتابھ اور ابھیشیک بچن کے لیے کیے گئے خصوصی حفاظتی انتظامات بھی انہیں نشانہ بنانے کے منصوبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکیں گے۔
پیغام میں دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی جانب سے مبینہ ساتھیوں وکاس ٹھاکر اور دیپک سنگھ کی گرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے بھی دھمکی آمیز دعوے کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کی متعدد معروف شخصیات ماضی میں بھی بھتہ خوری اور سنگین دھمکیوں کا سامنا کرچکی ہیں، جس کے باعث کئی اداکاروں کی سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا۔
تاہم ابھیشیک اور امیتابھ بچن سے متعلق سامنے آنے والی تازہ دھمکیوں کی تاحال متعلقہ بھارتی حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ بچن خاندان کی جانب سے بھی کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔









