
پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والا اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، جس میں رکن ممالک نے علاقائی اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ ترقی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اجلاس کے دوران اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035 اور اسلام آباد اعلامیے کی منظوری دی گئی۔ ان فیصلوں کو تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل اور خطے میں اقتصادی انضمام کے فروغ کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔
اسلام آباد اعلامیے میں آئندہ برسوں کے لیے علاقائی ترجیحات کا تعین کرتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان 2026 اور 2027 کے دوران ای سی او کی سربراہی کرے گا۔ اس مدت میں علاقائی رابطوں کو وسعت دینے، باہمی تجارت بڑھانے اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
اجلاس کے فیصلوں کے مطابق پاکستان 2027 میں ای سی او کے 19ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا، جبکہ ایران 3 اور 4 دسمبر 2026 کو تنظیم کے 18ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
اجلاس کے اختتام پر رکن ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی اشتراک اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے خطے میں پائیدار معاشی ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔









