امریکا میں گرین کارڈ کے حصول کے لیے نئی سخت شرائط متعارف کرانے کی تجویز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر ملکی کارکنوں کے لیے ملازمت کی بنیاد پر گرین کارڈ حاصل کرنے کا عمل مزید سخت بنانے کی تجویز پیش کردی ہے۔
امریکی محکمہ محنت کی جانب سے پیش کردہ مجوزہ تبدیلیوں کا تعلق پرمننٹ لیبر سرٹیفکیشن پروگرام (PERM) سے ہے، جس کے ذریعے امریکی کمپنیاں غیر ملکی ماہرین کو مستقل ملازمت فراہم کرکے ان کے گرین کارڈ کی درخواستوں کی سرپرستی کرتی ہیں۔
مجوزہ قواعد کے مطابق اب کمپنیوں کو یہ ثابت کرنے کے لیے مزید سخت تقاضے پورے کرنا ہوں گے کہ کسی غیر ملکی کارکن کی بھرتی سے امریکی شہریوں کی ملازمتوں، تنخواہوں اور کام کے حالات پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔
نئی تجاویز میں ان شعبوں کو بھی سخت جانچ کے دائرے میں لانے کا منصوبہ شامل ہے جنہیں پہلے ماہر افرادی قوت کی کمی کے باعث بعض شرائط سے استثنیٰ حاصل تھا۔ ان شعبوں میں نرسنگ اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل سائنس دان بھی شامل ہیں۔
PERM پروگرام امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور دیگر بڑے اداروں کے لیے اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس کے ذریعے وہ اپنے غیر ملکی ملازمین کو عارضی ورک ویزے سے مستقل امریکی رہائش کے حصول کی جانب لے جا سکتے ہیں۔
مجوزہ پالیسی کے تحت کمپنیوں کو امریکی شہریوں کی بھرتی کے لیے زیادہ وسیع کوششیں کرنا ہوں گی۔ اس مقصد کے لیے روایتی اخباری اشتہارات کے بجائے جدید الیکٹرانک ذرائع سے ملازمتوں کی تشہیر جیسے طریقے اپنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اس سے قبل بھی PERM پروگرام کے استعمال کو محدود کرنے کے اقدامات کر چکی ہے۔ اکتوبر میں ایڈوب، مائیکروسافٹ اور بعض دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اس پروگرام کے استعمال سے روکنے کی کارروائی سامنے آئی تھی۔
امریکی محکمہ محنت کا مؤقف ہے کہ ان تبدیلیوں کا بنیادی مقصد امریکی شہریوں کو ملازمت کے مواقع میں ترجیح دینا اور مقامی کارکنوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اگر یہ تجاویز حتمی قواعد کی شکل اختیار کر لیتی ہیں تو امریکا میں ملازمت کی بنیاد پر گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہش مند غیر ملکی ماہرین اور ان کی سرپرستی کرنے والی کمپنیوں کو پہلے سے زیادہ سخت شرائط کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔









