
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات انسانوں کے درمیان صبر، برداشت، ہمدردی، عدل اور احترامِ انسانیت کو فروغ دینے کا درس دیتی ہیں۔ معاشرے میں حقیقی رواداری اسی وقت ممکن ہے جب اختلافِ رائے کے باوجود دوسروں کے عقائد اور نظریات کا احترام کیا جائے۔
برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انسانی وقار، باہمی احترام اور مساوات کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان اقدار کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو مذہب، رنگ اور طبقے سے بالاتر ہوکر مساوی حقوق فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کا مذہبی، ثقافتی اور لسانی تنوع قومی طاقت اور اجتماعی ورثہ ہے جس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025 کا نفاذ ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے علمائے کرام، اساتذہ، میڈیا اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے سے تعصب اور نفرت کے خاتمے، باہمی ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعظم کے مطابق ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ اختلافات کو برداشت کیا جائے اور نفرت و تشدد کے بجائے محبت، احترام اور مکالمے کو فروغ دیا جائے۔









