کیا اے آئی نے امریکا کا فضائی نظام جام کردیا؟ حقیقت نے نیا سوال کھڑا کردیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن متاثر ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ حکام نے ابتدائی تحقیقات کے بعد واقعے کو تکنیکی خرابی قرار دیا ہے، تاہم سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے کسی خودکار نظام کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے حفاظتی اقدامات کے تحت ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بعد ازاں نظام کی بحالی کے بعد فضائی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا، لیکن حکام کے مطابق پروازوں کا شیڈول معمول پر آنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق خرابی اس وقت شروع ہوئی جب ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کے ریڈار اور مواصلاتی نظام میں عدم استحکام پیدا ہوا۔ سسٹم کے سوئچز اور راؤٹرز پر ڈیٹا کا غیر معمولی دباؤ بڑھنے سے غلط معلومات موصول ہونے لگیں، جس کے بعد احتیاطاً پروازوں کی آمدورفت محدود کرنا پڑی۔
فلائٹ ریڈار 24 کے اعدادوشمار کے مطابق اس تعطل کے نتیجے میں 6 ہزار 600 سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ 8 ہزار 600 سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ہزاروں مسافروں کو مختلف ہوائی اڈوں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد میں کسی سائبر حملے یا اے آئی کی خرابی کا سراغ نہیں ملا، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ نیشنل سیکیورٹی ایجنسی اور محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی بھی معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں
حکام کے مطابق پروازوں کی بحالی شروع ہو چکی ہے، تاہم ایئرلائنز کو اپنے شیڈول، طیاروں اور عملے کی ترتیب دوبارہ درست کرنے میں وقت درکار ہوگا۔









