اہلیہ کو دوبارہ سوشل میڈیا ویڈیوز میں شامل کرنے پر اسد پرویز کو تنقید کا سامنا

0
19
اہلیہ کو دوبارہ سوشل میڈیا ویڈیوز میں شامل کرنے پر اسد پرویز کو تنقید کا سامنا

اسلام آباد: پاکستانی سوشل میڈیا کی معروف جوڑی اسد پرویز اور ان کی اہلیہ نمرہ ایک بار پھر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، تاہم اس مرتبہ وجہ ان کی ایک نئی تشہیری ویڈیو ہے جس پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

اسد پرویز اور نمرہ نے کم عمری میں شادی کے بعد یوٹیوب پر فیملی وی لاگز کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی۔ دونوں کی روزمرہ زندگی سے متعلق ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت ملی۔

تاہم کچھ عرصہ قبل اسد پرویز نے اپنی نجی اور خاندانی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فیملی وی لاگز بنانا بند کر دیے تھے۔ اس دوران انہوں نے کاروباری سرگرمیوں پر توجہ دی اور اپنا اسکن کیئر اور بیوٹی برانڈ بھی متعارف کروایا۔

اب اسد پرویز نے اپنے برانڈ کی تشہیر کے لیے دوبارہ مختصر ویڈیوز بنانا شروع کر دی ہیں۔ ان کی حالیہ ویڈیو میں اہلیہ نمرہ بھی نظر آئیں، جنہوں نے نقاب پہن رکھا تھا۔

نمرہ کی دوبارہ ویڈیو میں شرکت پر بعض سوشل میڈیا صارفین نے سوالات اٹھائے اور جوڑے کے سابقہ فیصلے کو یاد دلاتے ہوئے تنقید کی۔

کچھ صارفین نے اس فیصلے کو متضاد قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسد پرویز کے لباس اور سوشل میڈیا پر خواتین کی موجودگی سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب بعض صارفین نے تبصرہ کیا کہ کاروباری تشہیر کے لیے دوبارہ خاندانی مواد کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ کچھ لوگوں نے اسد پرویز کے ماضی کے مذہبی بیانات اور سوشل میڈیا سے دوری کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے بھی سوالات اٹھائے۔

تاحال اسد پرویز اور نمرہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Leave a reply