خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 74 دہشت گرد ہلاک

0
27
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 74 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 74 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے کرم میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے بعد علاقے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 35 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع اورکزئی میں مزید 8 دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا میں ان دو کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 43 ہے۔ ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کے زیر استعمال ٹھکانوں سے خود ساختہ دھماکا خیز مواد اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز) بھی قبضے میں لیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ہلاکتوں اور کارروائیوں سے متعلق تفصیلات پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان پر مبنی ہیں۔

Leave a reply