
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رجسٹرڈ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کر دی ہے، جس میں 13 سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے نام شامل نہیں کیے گئے۔
فہرست میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا نام بدستور ایسے درج ہے کہ اس کے کسی تسلیم شدہ پارٹی سربراہ کا نام موجود نہیں۔
اسی طرح متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا نام بھی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پارٹی کو انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کے لیے اکتوبر تک مہلت دی گئی تھی، تاہم مقررہ مدت میں انتخابات نہ ہونے کے باعث ان کا نام برقرار نہیں رکھا گیا۔
جن دیگر جماعتوں کے سربراہان کے نام فہرست سے نکالے گئے ہیں، ان میں پاکستان ملی عوامی پارٹی، تحریک لبیک پاکستان، عوامِ پاکستان، تحریک ترقی و کمال، پاکستان قبائل موومنٹ، عوامی ڈیموکریٹک پارٹی، لیبر قومی موومنٹ اور اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کی تازہ فہرست میں ان تبدیلیوں کے بعد سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی رجسٹریشن اور انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔









